|
پنجابی فلم چناں سچی مچی کی ریلیز التوا کا شکار
فلمساز اور ہدایت کار اعجاز باجوہ نے کہا ہے کہ کثیر سرمائے سے بنائی گئی فلم 'چناں سچی مچی' کو مخدوش ملکی حالات کے پیش نظر عید الاضحٰی پر ریلیز نہیں کیا جائے گا۔وہ لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقعے پر فلمسٹار معمر رانا اور بابر علی بھی موجود تھے۔ اعجاز باجوہ نے کہا کہ فلم کو عید الاضحٰی کے بجائے کسی مناسب موقعے پر ریلیز کیا جائے گا کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی معیاری فلم دہشت گردی کی نذر ہو جائے۔
اداکار بابر علی اور معمر رانا نے فلمساز کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ فلم کو محنت، لگن اور بڑے سرمائے سے پروڈیوس کیا گیا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ فلم کو ایسے حالات میں ریلیز کیا جائے، جب زیادہ سے زیادہ لوگ اسے بلا خوف و خطر دیکھ سکیں۔ فلم کی کہانی تقسیم ہند سے پہلے پنجاب کے ایک دیہات میں بسنے والے مسلمان لڑکے اور ہندو لڑکی کی محبت پر مبنی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں صائمہ، معمر رانا، بابر علی، حنا شاہین، شفقت چیمہ، دیبا بیگم ، نغمہ بیگم اور مہر حسن شامل ہیں۔
|