|
آج پاکستان اور آئی ایم ایف میں مذاکرات ہورہے ہیں
استنبول: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات آج ترکی کے شہر استنبول میں شروع ہورہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کی شرط پوری کرنے کیلئے مزید چھ ماہ کی مہلت مانگنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ستر کروڑ ڈالر کی تیسری قسط کی فراہمی پر بھی مذاکرات ہونگے۔ ترکی کے تاریخی شہر استنبول میں عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خزانہ سلمان صدیق کریں گے جبکہ سات جولائی کو مذاکرات میں مشیر خزانہ شوکت ترین بھی شامل ہوجائیں گے۔ آج نیوز کے ذرائع کے مطابق حکومت عالمی مالیاتی ادارے سے درخواست کریگی کہ ملک میں مہنگائی اور احتجاج کے خدشے کے پیش نظر بجلی کے نرخوں میں اضافہ ممکن نہیں لہٰذا بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کی شرط پوری کرنے کیلئے پاکستان کو مزید چھ ماہ کی مہلت دی جائے گی۔
مذاکرات میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لئے سات ارب ساٹھ کروڑ ڈالر لون پروگرام کے تحت ملکی معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور گزشتہ بجٹ کے اعدادوشمار اور کارکردگی اور نئے مالی سال کے بجٹ میں مقرر کردہ اہداف کا جائزہ بھی لیا جائے گا جبکہ پاکستان کو ستر کروڑ ڈالرمالیت کے قرضے کی تیسری قسط کی فراہمی پر بھی مذاکرات ہونگے۔ واضح رہے ملک میں معاشی بحران ، ساتھ ہی امن و امان اور سیاسی کشیدگی کے باعث سرمایہ کاری کے فقدان ، ادائیگیوں کے عدم توازن اور ذرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے پاکستان نے نومبر دو ہزار آٹھ میں آئی ایم ایف سے رجوع کیا تھا۔
|