پریانکا چوپڑا کو گلے میں تکلیف، فلم ”فیشن“ تعطل کا شکار
ڈائریکٹر مدھر بھنڈاکر کا کہنا ہے کہ پریانکا چوپڑا نے فلم ”فیشن“ میں دل و جان سے کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے جاندار کردار اور جذبات کو یکجا کردیا ہے جو اس سے قبل انہوں نے ادا نہیں کیا۔ فلم میں پریانکا نے چندی گڑھ کی ایک لڑکی سے سپر ماڈل بننے تک کے سفر کا کردار ادا کیا ہے۔ مدھر جو ان دنوں خاصے پریشان ہیں اپنی فلم کی ریلیز کے سلسلے میں فکرمند ہیں کہ بعض ایسی رکاوٹیں حائل ہورہی ہیں جن سے فلم کی نمائش میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ ایک تو یہ کہ پریانکا کے گلے میں تکلیف ہے جس کے باعث ڈبنگ ملتوی کرنی پڑی۔ اس کے بعد اسٹوڈیو کے کارکنوں کی ہڑتال نے کام خراب کردیا اور سارے کام تعطل کا شکار ہوگئے جس کے باعث مدھر کی بیش قیمت فلم ”فیشن“ کے کام بھی ادھورے رہ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فلم کو 29 /اکتوبر کو جو بدھ کا دن ہے ریلیز کرنا چاہتے ہیں تاکہ فلم کیلئے دیوالی کی طویل چھٹیاں مل جائیں، اب اس کے علاوہ چارہ نہیں ہے کہ نمائش کو ملتوی کر دیا جائے کیونکہ کارکنوں نے ہر کام کو منجمد کردیا ہے تاہم ہڑتال جمعہ کو ختم ہوگئی ہے جو پروڈیوسر اور کارکنوں کے درمیان سمجھوتے کا نتیجہ ہے۔ واضح رہے کہ پریانکا کے گلے کی خرابی وشال بھردواج کی فلم ”کمینے“ سے شروع ہوئی تھی۔
|