نماز

حضرت جابر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”بندہ کے ایمان اور کفر کے درمیان نماز چھوڑ دینے ہی کا فاصلہ ہے”۔
(مسلم)

فائدہ:۔
اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے اور توحید و رسالت کی گواہی دینے کے بعد سب سے پہلا اور سب سے بڑا فرض اسلام میں نماز ہے۔ نماز اللہ تعالٰی کی خاص عبادت ہے۔ یہ اسلام کی بنیاد اور ستون ہے۔ یہ ایک تعلق کا نام ہے جو بندے اور اس کے رب کے درمیان قائم ہوتا ہے۔ نماز کی یہ خاص تاثیر ہے کہ اگر اللہ تعالٰی کی طرف دھیان کرکے پوری توجہ کے ساتھ پڑھی جائے تو اس سے آدمی کا دل پاک و صاف ہو جاتاہے۔ برائیاں اس سے چھوٹ جاتی ہیں۔ نیکی و سچائی کی محبت اور خدا کا خوف اس کے دل میں پیدا ہو جاتا ہے۔ الغرض کلمہ کے بعد نماز ہی اسلام کی بنیاد ہے، اور حقیقت ایمان سے اس کا گہرا تعلق ہے کہ اس کو چھوڑ دینے کے بعد آدمی گویا کفر کی سرحد تک پہنچ جاتاہے۔ بھائیو! ہم میں سے ہر ایک کو سوچنا چاہیے کہ اگر ہم نے اچھی طرح اور پابندی کے ساتھ نماز پڑھنے کی عادت نہ ڈالی تو پھر ہمارا حشر اور انجام کیا ہونے والا ہے۔




Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.