مولانا فضل اللہ کو عام معافی دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ،بشیر بلور

سرحد کے سینئر وزیر اور سوات میں قیام امن کے لئے کابینہ کمیٹی کے سربراہ بشیر احمد بلور نے کہا ہے کہ سوات میں عسکریت پسندوں کے رہنما مولانا فضل اللہ کو عام معافی دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ مذاکرات جاری ہیں اور انہیں امید ہے معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔ باچا خان مرکز پشاور میں کھلی کچہری کے دوران میڈیا سے گفت گو میں انہوں نے کہا کہ سوات میں عسکریت پسندوں کے ساتھ ابتدائی مذاکرات ہوئے ہیں۔ اور بات چیت کے لئے فائر بندی پر اتفاق ہو چکا ہے۔ جبکہ مولوی فضل اللہ کو عام معافی دینے کی کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ بشیر بلور نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں معاہدے کے امور طے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عسکریت پسند دونوں علاقے میں امن کا قیام چاہتے ہیں۔ عسکریت پسندوں کا مقصد شریعت کا نفاذ اور اور مقدمات کی جلدی سماعت ہے۔ ان کی جانب سے آٹھ مطالبات پیش کئے گئے ہیں۔


Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.