پریمیئر لیگ:پاکستان کے خان کار کر دگی نہ دکھاسکے،بھارتی پٹھان چھاگئے

انڈین پریمیئرمیں پاکستانی پٹھانوں سے دھماکہ خیز کارکردگی کی توقعات پوری نہیں ہورہی ہیں جبکہ بھارتی پٹھان اپنی پرفارمنس سے چھاگئے۔ شاہد آفریدی حیدرآباد دکن کی ٹیم سے ڈراپ ہوگئے۔ عمر گل کول کتہ نائٹ رائیڈرز کی توجہ کا مرکز ہیں لیکن ابھی ان کا میچ وننگ اسپیل آنا باقی ہے۔ یونس خان ابھی پاکستان سے آکر راجستھان کی نمائندگی نہیں کرسکے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی پٹھان بھائیوں کی کارکردگی کا ہر جانب چرچہ ہے۔ بھارت کے اسٹار آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے کہا ہے کہ یوسف پٹھان مجھ سے بہتر کھلاڑی ہے، میں خوش قسمت رہا کہ مجھے بھارت کی نمائندگی کا موقع ان سے پہلے مل گیا ۔ انڈین پریمیئر لیگ میں دونوں پٹھانوں کی نیلامی5.6 کروڑ میں ہوئی ہے۔آئی پی ایل میں 23 سالہ عرفان پریتی زنٹا کی پنجاب ٹیم میں شامل ہیں۔ جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے شہرت رکھنے والے25 سالہ یوسف فیورٹ ٹیم راجستھان میں شامل ہیں۔ عرفان نے ٹورنامنٹ میں 12 وکٹیں لی ہیں جبکہ یوسف کو20 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ عرفان نے اعتراف کیا ہے کہ یوسف مجھ سے بہت اچھا کھلاڑی ہے یہ بات میں اپنے بھائی کی ویلیو بڑھانے کے لئے نہیں بلکہ دیانت داری سے کہہ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گلیوں میں کھیلتے ہوئے ہم دونوں کی خواہش ہوتی تھی کہ اپنے ملک کی نمائندگی کریں۔ میں انہیں گھنٹوں بولنگ کرتا رہتا ۔ کیوں کہ وہ آؤٹ ہونے کا نام ہی نہیں لیتے تھے۔ وہ اچھے بولر ، جارحانہ بیٹسمین اور اسمارٹ فیلڈر تھے جو کہیں بھی فیلڈ نگ کرسکتے تھے۔ وہ ذہنی طور پر بہت مضبوط تھے جو کسی بھی وقت میچ کا نقشہ پلٹ سکتے تھے۔ عرفان نے کہا کہ جوہانسبرگ میں پاکستان کے خلاف ٹوئنٹی 20 کا فائنل کھیلنے سے قبل ہم بچپن کا تذکرہ کرتے رہے کیوں کہ بچپن میں یوسف مجھے بہت زیادہ گائیڈ کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چھکے مارنے کا فن یوسف سے سیکھا۔ یوسف کہا کرتے تھے کہ چھکا مارنے سے قبل بیٹ کی گرپ تبدیل کر لیا کرو۔


Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.