راولپنڈی ایکسپریس دہلی پر چڑھ دوڑنے کیلئے تیار،شعیب اختر اگلا میچ کھیلیں گے،ساروگنگولی

شعیب اخترگھٹنے کی سوزش میں مبتلا ہوکر دکن چارجرزکے خلاف میچ سے آخری وقت میں باہر ہوئے لیکن راولپنڈی ایکسپریس دہلی پر چڑھ دوڑنے کے لیے تیار ہیں، شعیب اخترکا آئی پی ایل ڈیبیو ڈیر ڈیولزکے خلاف ہونا یقینی دکھائی دیتا ہے۔ اہم مقابلے میں فتح حاصل کرنے کے بعد نائٹ رائیڈرزکے کپتان سارو گنگولی نے اعلان کیا ہے کہ دنیا کے تیز ترین بولرکو آئندہ میچ میں کھلایا جائے گا۔ شاہ رخ کی ٹیم اور دہلی ڈیر ڈیولز منگل کو ایڈن گارڈنز میں مد مقابل ہوں گی ۔کول کتہ نائٹ رائیڈرزکے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب میچ فٹنس حاصل کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں ۔ اتوارکو میچ سے قبل شعیب اختر نے پورے رن اپ سے بولنگ کرائی گوکہ ان کی بولنگ میں ردھم دکھائی نہیں دیا لیکن وہ اسپیڈ سے گیندیں کر رہے تھے۔ شعیب اخترکے جسم کی ہڈیاں نارمل نہیں اس لیے وہ اپنے کیریئرکے دوران اکثر ان فٹ رہے ہیں۔ نائٹ رائیڈرزکے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب اختر فٹنس حاصل کرنے کے لیے ٹرینر اور فزیوکی ہدایت پر شیڈول کے تحت محنت کر رہے ہیں، وہ ٹر یننگ کر رہے ہیں۔کول کتہ نائٹ رائیڈرزکی فرنچائز خریدنے والے سپر اسٹار شاہ رخ خان بھی شعیب اخترکی فٹنس کے بارے میں تشویش میں مبتلا تھے، اسی بنا پر انہوں نے بھی ٹیم انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ شعیب پر زیادہ بوجھ نہ ڈالیں اور انہیں فٹ ہونے کے لیے وقت دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر شعیب اخترکی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجاتی ہے تو نائٹ رائیڈرزکی ان کے لیے کی گئی بھاری سرمایہ کاری بے کار ہوجائے گی۔ ٹیم انتظامیہ کو شعیب کی جس بات نے سب سے زیادہ متاثرکیا ہے وہ ان کے دیگرکھلاڑیوں کے ساتھ میل جول اور بہترین مراسم ہیں۔ ان کی کپتان گنگولی سمیت تمام سینئرز سے دوستی ہے، وہ جونیئرزکو بہت اچھی طرح گائیڈ کر رہے ہیں۔ بھارت کی کوشش ہے کہ شعیب اختر ان کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر اشانت شرما کو بہتر مشورے دیں۔کول کتہ اور حیدرآباد میں وہ زیادہ وقت ہوٹل میں گزار رہے ہیں۔ شعیب اختر اب میچور دکھائی دیتے ہیں لیکن بڑھتی ہوئی عمر ان کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے ۔ وہ زندگی کے33 ویں سال میں قدم رکھنے والے ہیں۔کول کتہ کے لیے سب سے اچھی بات یہ ہے کہ شعیب اختر میڈیا سے بہتر تعلقات رکھے ہوئے ہیں اور غیر ضروری بیان بازی سے گریزکر رہے ہیں۔ ہفتے کو اوپل گراؤنڈ میں شعیب اختر شرٹ تبدیل کر رہے تھے کہ اسی دوران کئی فوٹوگرافرز نے ان کی تصاویر بنالیں۔ شعیب اختر نے التجا کے انداز میں فوٹوگرافروں سے کہا کہ براہ کرم میری یہ تصویر ضائع کردیں۔ عام حالات میں ایسے مواقع پر شعیب اختر چراغ پا ہوجایا کرتے تھے۔کول کتہ نائٹ رائیڈرزکی ٹیم میں شامل زمبابوے کے سابق کپتان ٹیٹنڈا ٹائیبوکا کہنا ہے کہ نائٹ رائیڈرزکے ڈریسنگ روم میں دوکھلاڑیوں نے ہر ایک کو متاثرکیا ہے ایک کرس گیل اور اب شعیب اختر، شعیب ہر ایک سے ہنسی مذاق کرتے ہیں اور ان کی باتوں سے ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہوگیا ہے۔


Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.