آئی پی ایل: کولکتہ نائٹ رائڈرز اور راجستھان رائلز نے بازی مارلی
انڈین پریمئیر لیگ میں اتوار کو دو میچز کھیلے گئے جس میں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے دکن چارجرز کو تئیس رنز سے اور راجستھان رائلز نے دہلی ڈئیرز ڈیولز کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ جیو سوپر نے دونوں میچوں کو براہ راست اپنے شائقین کے لیے پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق پہلا میچ حیدرآباد کے اوپل راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کولکتہ نائٹ رائڈرز اور دکن چارجرز کے مابین کھیلا گیا جس میں کپتان سارو گنگولی اور ڈیوڈ ہسی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کی ٹیم دکن چارجرز کے تابوت میں آخری کیل ٹھوک دی اور چار سو اڑسٹھ کروڑ روپے کی سب سے مہنگی دکن چارجز کی ٹیم انڈین پر یمیئر لیگ سے مایوس کن انداز میں باہر ہوگئی جبکہ میچ کے دوران مقامی تماشائیوں نے کولکتہ نائٹ رائڈرز کی چئیر لیڈرز پر پتھراؤ کردیا اور چئیر لیڈرز اپنی جان بچانے کے لیے میدان کے وسط میں اتر آئیں۔ کولکتہ نائٹ رائڈرزکے کپتان گنگولی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر دو سو چار رنز بناکر فتح کی بنیاد ڈال دی۔ گنگولی نےستاون گیندوں پر گیارہ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے اکانوے رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ ہسی ستاون رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ جواب میں دکن چارجرز کے بلے باز سات وکٹیں کھوکر ایک سو اکاسی رنز ہی بناسکے۔ قائم مقام کپتان گلکرسٹ نے چوبیس، شرما نے تیتیس رنز کی اننگز کھیلی جبکہ گوپال راؤ اکہتر رنز پر ناٹ آؤٹ رہے لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہیں کرسکے۔ دوسرا دلچسپ مظاہرہ جے پور میں راجستھان رائلز اور دہلی ڈئیر ڈیولز کے مابین ہوا۔ وریندر سہواگ کی ٹیم دہلی ڈیئر ڈیولز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چھپن رنز بنائے، ماہروف انتالیس اور گھمبیر اکتیس رنز بناکر اکشے کمار کی ٹیم کے نمایاں بیٹسمین رہے۔ جواب میں آسڑیلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کے ذمے دارانہ چوہتر رنز کی بدولت راجستھان رائلز نے ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
|