امید ہے معزول ججز عدالتوں میں واپس آئیں گے، فخر الدین جی ابراہیم
معروف قانون داں جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ ججز کی بحالی آئینی جھگڑا ہے اور مجھے امید ہے کہ معزول ججز عدالتوں میں واپس آئیں گے۔ وہ اتوار کو لی مارکیٹ میں تاجر صدر الدین ہاشوانی کی جانب سے اپنے قدیم آبائی گھر کو میوزیم میں تبدیل کرنے کی تقریب کے بعد جنگ سے گفتگو کر رہے تھے اس سوال کے جواب میں کہ آپ آئینی کمیٹی سے جلد علیحدہ ہوگئے اور آپ کو امید نہیں تھی کہ یہ کمیٹی کسی متفقہ نتیجے پر پہنچ جائے گی انہوں نے کہا کہ مجھے شروع دن سے احساس ہوگیا تھا کہ کمیٹی متفقہ نتیجے پر نہیں پہنچ سکے گی انہوں نے کہا کہ قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہئے اگر ججز بحال نہیں ہوئے تو یہ بڑا المیہ ہوگا۔دریں اثناء اتوار کو کراچی میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد فخر الدین جی ابراہیم کی قیادت میں اظہار یکجہتی کیلئے معزول چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس صبیح الدین کے گھر گئے۔اس موقع پر فخرالدین جی ابراہیم نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم کسی فرد واحد کے خلاف نہیں بلکہ آئین اور قانون کو اس کی اصل حالت میں بحالی کیلئے اپنی کوششیں کررہے ہیں۔دوسری جانب معزول ججوں کی بحالی اور شہدائے بارہ مئی کی یاد میں ملتان میں اتوارکووکلا نے مشعل بردار ریلی نکالی جبکہ لاہور میں سول سوسائٹی نے گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ملتان کے زیراہتمام ہائیکورٹ بار سے چوک نواں شہر تک مشعل بردار ریلی نکالی گئی جس میں وکلا کے علاوہ متحدہ شہری محاذ، جماعت اسلامی، تحریک انصاف،(ن) لیگ کے رہنماؤں، سماجی تنظیموں کے عہدیداروں اوردیگر نے شرکت کی۔ شرکاء نے نواں شہرچوک پرہاتھوں کی زنجیربناکرٹریفک بلاک کردیا۔اس موقع پرہائیکورٹ بار کے صدر محمود اشرف خان نے کہا کہ اٹھارہ فروری کو عدلیہ کی بحالی کے نعرے پر اسمبلی میں پہنچنے والوں نے اپنے وعدے بھلا دیئے ہیں،وکلاء نے احتجاج کاآغاز ملتان سے کر دیاہے جس کی منزل اسلام آباد ہوگی۔ڈسٹرکٹ بارکے صدر نے کہا کہ آج ڈسٹرکٹ بار روم سے احتجاجی ریلی نکالی جائیگی۔ دریں اثناء لاہور میں معزول ججوں کی بحالی کے سلسلے میں سول سوسائٹی کی جانب سے ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا جوسندرداس روڈ سے ہوتا ہواگورنرہاؤس تک گیا۔ جلوس میں وکلاء سمیت خاکسار تحریک، لیبر پارٹی، تحریک انصاف کے علاوہ دیگرتنظیموں کے افراد نے شرکت کی۔ جلوس سے لاہور ہائی کورٹ کی سابق جج ناصرہ جاوید اقبال، خاکسار تحریک کے قائد حمیدالدین المشرقی ، تحریک انصاف کے حامد زمان، لیبر پارٹی کے طارق اور دیگر نے قیادت کی اور خطاب بھی کیااورکہاکہ معزول ججوں کوبحال نہ کرنے کی جوسازشیں ہو رہی ہیں اس کو ناکام بنا دیا جائے گا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت اور مری معاہدے پر عمل کرتے ہوئے ججوں کی بحالی کا فوری طور پراعلان کریں۔
|