موجودہ اسمبلیوں سے عوام کو توقعات ہیں،روز روز الیکشن نہیں ہو سکتے ،وزیراعظم گیلانی

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عوام کی توقعات موجودہ اسمبلیوں سے وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن روز روز نہیں ہوتے،انہوں نے وضاحت کی کہ افواہیں بے بنیاد ہیں ہمیں بھرپور مینڈیٹ ملا ہے اور ہماری عوامی خدمت جاری رہے گی،انہوں نے کہا کہ تعمیری سیاست کے نئے رجحانات کو پروان چڑھائینگے،وہ اتوار کی شام مزار اقبال، پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول، چیف سیکرٹری پنجاب جاوید محمود، آئی جی پنجاب شوکت جاوید، ڈی سی او لاہور سجاد احمد بھٹہ، ڈائریکٹر جنرل رینجرز پنجاب ہارون الاسلام، سی سی پی او پرویز راٹھور، پی پی پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیر بدر، عزیز الرحمن چن، منیر احمد خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بحالی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی نے جو قربانیاں دیں وہ کسی جماعت نے نہیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے کارکن ملک میں ایمرجنسی کے خلاف آواز اٹھانے پر جیلوں میں بند کر دیئے گئے حتی کہ وہ خود بھی اس سلسلہ میں پابند سلاسل رہ چکے ہیں۔ پی پی پی کی حکومت اپنے روٹی، کپڑا، مکان کے نعرہ کو عملی جامہ پہنائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ غربت کا خاتمہ، بے روزگاری کی شرح میں کمی اور مہنگائی کے تدارک کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت نے یہ تہیہ کیا ہے کہ وہ انتقامی سیاسی کی بجائے تعمیری سیاست کے نئے رجحانات کو پروان چڑھائے گی تاکہ سابقہ روایات کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مصالحت کی پالیسی اپناتے ہوئے تمام سیاسی جمہوری قوتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے تاکہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں جمہوری روایات کو فروغ دیتے ہوئے تعمیر و ترقی کے نئے سفر کا آغاز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی عوام کے بھرپور مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے لہذا اس سلسلہ میں پھیلائی جانیوالی بے بنیاد خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے ہر ایک کی اپنی اپنی آراء و تجاویز ہیں مگر حکومت عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے عوامی خدمت کو جاری رکھے گی۔


Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.