ماحولیاتی آلودگی -   عارف قریشی

اس آرٹیکل میں گرین ہاؤس گیسوں کی وجہ سے دنیا پر ہونیوالے اثرات کا جائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ پاکستان اور دنیا میں دن بدن ہونیوالی موسمی تبدیلیوں کو ملحوظ خاطر رکھ کر ان کا تقابلی جائزہ لیا جا سکے اور ماحول کو کون سے عوامل تباہ کر رہے ہیں۔

اس وقت دنیا میں گرین ہاؤس گیسوں کی وجہ سے دنیا بھر کے موسموں میں تبدیلی واقع ہو رہی ہے۔ دنیا کے موسمیاتی مدوجزر میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے گرمی کی حدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ماہرین کہہ رہے ہیں کہ گرمی کی حدت میں اضافے کے سبب دنیا کے برفانی گلئشیروں پر صدیوں سے جمی ہوئی برف کے پگلنے سے دنیا میں بہت سے ساحلی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ ہالینڈ جیسے نشیبی ممالک صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے اور دنیا بھر میں سیلابوں کے ریلے بپا ہو کر تباہی مچا دیں گے۔

اوزان کی تہہ جو کہ سورج کی تپش کو زمین پر پہچنے سے پہلے کافی حد تک متوازن کر دیتی ہے اس میں بھی شگاف پڑنا شروع ہو چکے ہیں۔ یہ سب ہماری اپنی کوتاہیوں کے سبب ہو رہا ہے کیونکہ ہم نے ماحول کو بے حد گندہ کر دیا ہے۔ ماحول کو گندہ کرنے میں ہم نے بہت سارے عوامل کو شامل کر دیا ہے۔ جن میں فیکٹریوں کا دھواں اور گندہ پانی نیز زہر آلود فضلے، گاڑیوں کا دھواں اور ان کا شور اور گاڑیوں سے خارج ہونیوالی گیسیں، پریشر ہارنوں کا استعمال، تیزی سے کٹتے ہوئے جنگل، انسانوں کا آپس میں جنگ و جدل اور ہتھیاروں کا استعمال جیسا کہ امریکہ نے عراق میں تباہ کن بمباری کی اور افغانستان میں اقوام متحدہ کی طرف سے ممنوع قرار پانیوالے ڈیزی کٹر (جو بے حد تابکار ) ہوتے ہیں ان کو استعمال کیا اور کارپٹ بمباری کی اس کے علاوہ قدرتی ماحول کا تیزی سے ختم ہونا بھی ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہا ہے۔ یہ سارے عناصر نشاندھی کر رہے ہیں کہ انسان اپنی نسل کو کس قدر غیر محفوظ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ ماحول کے بارے میں دنیا بھر میں بہت سے سیمینار ہو رہے ہیں اور ان عوامل کو روکنے کے لئے ہمہ تن جہد کوشاں رہنے کی اپیلیں ہو رہی ہیں۔ جن سے ماحول کو تباہ کن صورتحال کا سامنا ہے۔

پاکستان کے بڑے شہروں مثال کے طور پر کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ وغیرہ ماحولیاتی آلودگی میں ممتاز حیثیت رکھتے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ ہم نے اپنے قدرتی وسائل سے دشمنی لگا رکھی ہے اور ہم روزانہ جنگلات کاٹ رہے ہیں۔ دریائے سندھ کے کنارے کچے کے جنگلات تیزی سے ختم ہو رہے ہیں اور پاکستان کے بہت سے علاقوں میں جنگلات یا تو تباہ ہو گئے ہیں یا سرے سے نیست و نابود ہیں اور ہماری حکومت اس سلسلے میں دعوے تو بہت کرتی ہے مگر عملی کام ناپید ہیں۔ پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کے لئے دورس اقدامات کی ضرورت ہے۔



Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.