دوسروں سے موازنہ  - سمارا

اکثر خواتین اپنا موازنہ دوسری خواتین کے ساتھ کرتی رہتی ہیں اور انہیں بہت ساری ایسی باتیں اور چیزیں نظر آتی ہیں جن میں دوسری خاتون ان سے بہتر ہوتی ہیں- مثلاً وہ صرف پیچیس سال کی ہے اور اس نے یہ بھی کر لیا ہے اور یہ بھی کر لیا ہے۔ ہم ہزاروں باتوں میں دوسری خواتین سے موازنہ کرتے ہیں اور پتہ چلتا ہے کہ ہمارے پاس یہ چیز بھی نہیں ہے اور وہ چیز بھی نہیں ہے۔

کہا جاتا ہے کہ دوسرے کے لان میں لگی ہوئی گھاس ہمیشہ زیادہ سبز ہوتی ہے لیکن پھر وہاں کے پانی کا بل بھی زیادہ ہوتا ہے۔ گھاس تو آپکے گھر میں بھی سبز ہو سکتی ہے اگر آپ اچھی گھاس لگائیں، اسکو زیادہ پانی دیں اور کھاد ڈالیں۔ یہ بات سمجھنے کی ہے کہ ہم کبھی بھی وہ حاصل نہیں کر سکتے جو دوسروں کے پاس ہے جب تک ہم خود ان حالات سے نہیں گزرتے جن سے وہ لوگ گزر کر آئے ہیں۔ لیکن یہ ایک الگ بات ہے، اصل بات یہ ہے کہ اپنا موازنہ دوسروں سے نہ کریں۔

سب خواتین کے اپنے اپنے مسائل ہوتے ہیں، کسی کو رنگت کا مسئلہ ہے، کسی کا قد چھوٹا ہے، کسی کا وزن زیادہ ہے، کسی کے پاس پیسوں کی کمی ہے، کسی کا شوہر اچھا نہیں ہے تو کسی کے بچے تمیزدار نہں ہیں وغیرہ وغیرہ۔ اس لیے دوسری خواتین کے ساتھ موازنہ نہ کریں اور جو آپ کے پاس ہے اس پر خوش رہیں۔

کیونکہ ہمیشہ ہی کوئی زیادہ خوبصورت ہوگی، کسی کا گھر ہمیشہ آپکے گھر سے بڑا ہو گا، کسی کی گاڑی آپ کی گاڑی سے زیادہ اچھی ہوگی وغیرہ وغیرہ اور آپ کبھی بھی تمام معاملوں میں سب سے بہتر نہیں ہو سکیں گی۔ لیکن ہو سکتا ہے کہ جو سب سے خوبصورت خاتون ہوں ان کی اپنے گھر میں قدر نہ ہو، ان میں عقل کی کمی ہو۔ یا اگر کسی کا گھر بہت بڑا ہےتو اس میں رہنے والوں کے دل بہت چھوٹے ہوں وغیرہ وغیرہ

اس لیے جو نعمتیں اللہ نے آپکو دی ہوئی ہیں ان پر اللہ کا شکر کریں اور اپنی زندگی کو آسانی سے گزاریں۔




Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.